بورڈ سے راہیں جدا کرنے کے بعد محمدحفیظ کا ردعمل سامنے آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم سے بطور ڈائریکٹر راہیں جدا کرنے کے بعد سابق کپتان محمد حفیظ کا بیان سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ نے مداحوں کو آگاہ کیا کہ بطور ٹیم ڈائریکٹر پی سی بی کے ساتھ مثبت اصلاحات کی کوشش کی تاہم بدقسمتی سے نئی مینجمنٹ نے میری 4 سالہ تقرری کو محض 2 ماہ میں ختم کردیا۔

محمدحفیظ نے لکھا کہ ہمیشہ کی طرح خود کو عوام کی عدالت میں پیش کرتا ہوں، آئندہ آنے والے دنوں میں دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شکستوں کی وجوہات کے علاوہ دیگر حقائق بھی عوام کے سامنے رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ وقار اور فخر کے ساتھ پاکستان کو ترجیح دی اور ملک کی نمائندگی کی، پاکستانی کرکٹ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

واضح رہے کہ 15 فروری (جمعرات) کو بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ محمد حفیظ نے بطور ٹیم ڈائریکٹر عہدہ چھوڑ دیا ہے۔
بحیثیت ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے دور میں پاکستان کو آسٹریلیا کے حالیہ دورے میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریزمیں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے علاوہ نیوزی لینڈ میں 5 میچوں کی ٹی20 سیریز میں بھی 1-4 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

قبل ازیں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ڈائریکٹر کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا تھا، محمد حفیظ کھلاڑیوں کو غیرملکی ٹی20 لیگز کیلئے (این او سی) نہ دینے پر بضد تھے جبکہ پرفارمنس سے بھی خوش نہیں تھے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان محمدحفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی20 مقابلوں میں 12 ہزار 780 رنز بنائے جبکہ 253 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

Leave a Comment